URDU encyclopedia

اردو انسائیکلوپیڈیا

search by category

قسم کے ذریعہ تلاش کریں

search by Word

لفظ کے ذریعہ تلاش کریں

Professionalsپیشہ ور افراد

Gardener مالی

English NameGardener
Urdu Name N\A

Description

تفصیل

جو شخص گھاس اور پھول اُگانے کے فن سے واقف ہو اور اسے بطور پیشہ اختیار کرے وہ مالی کہلاتا ہے۔ بظاہر تو یہ بہت معمولی کام نظر آتا ہے مگر حقیقت یہ ہے کہ ایک اچھے مالی کا فن اس کے تجربے اور معلومات کا محتاج ہوتاہے۔ وہ یہ جانتا ہے کہ کس موسم میں کون سا پھول یا پودا بار آور ہوسکتا ہے۔ اگر گھاس‘ پھول اور پودے سجاوٹ اور خوبصورتی کے لئے لگائے جارہے ہیں تو اس کی ترتیب‘ اس کے لئے پانی اور کھاد کی مقدار کا اندازہ کرکے مالی اپنے کام کا آغاز کرتا ہے اور متواتر ان کی دیکھ بھال اور کاٹ چھانٹ کرتا رہتا ہے تاکہ خوبصورتی کا مطلوبہ معیار حاصل کرسکے۔ اور اگر ایسے پودے لگائے جارہے ہوں جو عام استعمال میں آتے ہوں مثلاً سبزی‘ پھل‘ جڑی بوٹیاں (طبی ضروریات کے لئے) تو یہاں بھی مالی کو یہ علم ہونا چاہئے کہ اس کی کاشت کہیں بے مقصد تو نہیں ہورہی کیونکہ جو بیج اس نے ڈالا ہے یا جو پودا اس نے لگایا ہے اس کے لئے یہ موزوں نہیں ہے یا اس کا یہ موسم ہی نہیں ہے یا اس کے اوپر کوئی سایہ نہیں ہے کہ یہ پودا زیادہ دھوپ برداشت نہیں کرسکتا وغیرہ وغیرہ۔ پھولوں اور پھلوں کے حوالے سے اکثر مالی تجربات بھی کرتے رہتے ہیں اور دو پھولوں اور پھلوں کو ملا کر ایک نئی قسم پیدا کردیتے ہیں۔ مالیوں کی ضرورت اور کھپت رہائشی مکانات‘ تجارتی اداروں مثلاً دفاتر‘ ہوٹل‘ اسکول‘ کالج وغیرہ میں ہوتی ہے جہاں یہ دن کے مختلف اوقات میں مختصر وقت کے لئے اپنی خدمات پیش کرتے ہیں اور معاوضہ وصول کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی ضرورت ان نرسریوں میں بھی ہوتی ہے جو تجارتی پیمانے پر پھول یا پودے اگاتے ہیں بلکہ بعض سرکاری اداروں میں بھی بڑی بڑی نرسریاں قائم ہیں جہاں مالیوں کی بڑی تعداد ملازمت کرتی ہے۔ پھولوں کی بعض اقسام وہ ہیں جن کی کھپت بہت زیادہ ہے لہٰذا ان کی پیداوار کے لئے بڑے پیمانے پر پھول کاشت کئے جاتے ہیں جو منوں ٹنوں کی مقدار میں کھیتوں سے شہروں میں پہنچتے ہیں۔ ان کھیتوں میں کام کرنے والے اصلاً تو مالی ہی ہوتے ہیں مگر چونکہ ان کا کام باغوں کے بجائے کھیتوں میں ہوتا ہے اس لئے انہیں مالی کے بجائے کاشت کار کہنا زیادہ مناسب ہوگا۔

Poetry

Pinterest Share