URDU encyclopedia

اردو انسائیکلوپیڈیا

search by category

قسم کے ذریعہ تلاش کریں

search by Word

لفظ کے ذریعہ تلاش کریں

Professionalsپیشہ ور افراد

Journalist صحافی

English NameJournalist
Urdu Name اخبار والا ۔ خبر نویس ۔ رپورٹر ۔اخبار نویس

Description

تفصیل

اخبار میں شایع شُدہ خبروں کا مُصدّقہ ہونا انتہائی ضروری ہے۔صحافت کے پیشہ سے مُنسلک افراد کو خبر بنانے اور خبر کے اجزاء مُرتب کرنے کی تربیت دی جاتی ہے۔صحافی کو سب سے پہلے یہ بتایا جاتا ہے کہ خبر یہ نہیں ہے کہ " کُتّے نے آدمی کو کاٹ لیا !" بلکہ خبر یہ ہے کہ " آدمی نے کُتّے کو کاٹ لیا!" ایک ماہر صحافی اپنے اخبار کی پالیسی کا خیال رکھتے ہوئے مُختصر لیکن پُر اثر خبر بناتا ہے اور اپنی ڈیسک کے انچارج ایڈیٹر کے حوالے کردیتا ہے۔انچارج ایڈیٹر یا نیوز ایڈیٹر اسے فائنل کرکے اخبار میں شایع کرنے کی اجازت دے دیتا ہے۔ اخبارات کی اشاعت کا زیادہ تر کام رات میں ہوتا ہے چنانچہ صحافی خواتین و حضرات کو بھی اُن کی ذمہ داریوں کے لحاظ سے آفس جانا پڑتا ہے۔خواتین اسٹاف عموماً ہفتہ وار صفحات کی مُدیرہ ہوتی ہیں ،چنانچہ اُن کے اوقات دن کے ہوتے ہیں اور رپورٹرحضرات یا خبر کمپوز کرنے والے رات کے اوقات میں اپنے فرائضِ منصبی ادا کرتے ہیں۔کچھ صحافی کالم بھی لکھتے ہیں اور کچھ صحافی انٹرویوز وغیرہ بھی لیتے ہیں۔ہر صحافی کی " بِیٹ " مختلف ہوتی ہے۔ تمام صحافی اپنے اخبار کے ایڈیٹر کے احکامات کے بھی پابند ہوتے ہیں۔ڈان اخبار جس کے بانی قائد اعظم محمد علی جناح تھے،اُس اخبار کے پہلے ایڈیٹر "سر پوتھن جوزف" تھے،ڈان اخبار کی انگریزی آج تک مُستند تسلیم کی جاتی ہے۔ ایک ماہر مُدیر کا اخبار کی کامیابی میں بڑا اہم کردار ہوتا ہے۔اکثر صحافیوں کو خریدنے کی کوشش کی جاتی ہے یا کچھ جرائم پیشہ افراد اپنے گھنائونے جرائم پر پردہ ڈالنے کے لیے یہ کوشش کرتے ہیں کہ صحافی اُن سے متعلقہ حقائق کو اخبار میں شایع نہ کرے لیکن ایک دیانت دار صحافی اپنے فرائض اور اپنے پیشے کے تقدس کا احترام کرتا ہے۔کبھی کبھار اخبار کے مالکان تک بِک جاتے ہیں لیکن "سانچ کوآنچ نہیں!" اخبارات کا اپنا حلقۂ قارئین ہوتا ہے اور قارئین بخوبی اپنے اخبار کے صحافی حضرات سے واقف ہوتے ہیں،پاکستان میں اس وقت اُردو اخبارات میں نوائے وقت ،آغاز ، جنگ ، ایکسپریس، دن، امن،قومی اخبار،جرات ،اُمّت، ریاست ، آج کل ، جسارت وغیرہ اپنے قارئین میں خاصے مقبول ہیں اور انگریزی اخبارات میں ڈان ، ڈیلی نیوز ، نیشن ،مارننگ ٹائمز،سٹی نیوز،ٹریبیون وغیرہ بھی پابندی سے شایع ہورہے ہیں۔ ان اخبارات سے بے شمار صحافی خواتین و حضرات وابستہ ہیں اور اپنی پیشہ ورانہ خدمات کو بخوبی ادا کررہے ہیں۔ صحافی ہمارے معاشرے کی اکائی ہیں اور ریاست کا ایک اہم سُتون ہیں۔

Poetry

Pinterest Share