URDU encyclopedia

اردو انسائیکلوپیڈیا

search by category

قسم کے ذریعہ تلاش کریں

search by Word

لفظ کے ذریعہ تلاش کریں

Professionalsپیشہ ور افراد

Taxi Driver ٹیکسی ڈرائیور

English NameTaxi Driver
Urdu Name ٹیکسی والا

Description

تفصیل

روزمرہ کی زندگی میں جن لوگوں کے پاس ذاتی سواری نہیں وہ بسیں‘ ٹرین اور ٹراموں کے بعد اب رکشہ یا ٹیکسی استعمال کرتے ہیں ۔ زیادہ تر عوامی ذرائع نقل و حمل میں استعمال ہونے والی سواری ٹیکسی ہے جس کے ذریعے مسافر اپنی اپنی منزل پر با آسانی پہنچ جاتے ہیں۔ ملازمت پیشہ افراد کو اپنے دفاتر جانے اور آنے کے لئے‘ اپنے عزیزوں اور رشتہ داروں سے ملنے جانے کے لئے ٹیکسی کی ضرورت پڑتی ہے۔ اس لحاظ سے ٹیکسی ڈرائیور کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ صبح کے اوقات میں جب تمام لوگوں کو اپنے دفاتر پہنچنے کی جلدی ہوتی ہے‘ ٹیکسی ڈرائیور بڑی مستعدی سے یہ خدمت سرانجام دیتا ہے اور ان کو اُن کے دفاتر تک پہنچاتا ہے۔ بعض ٹیکسی ڈرائیور لوگوں کو دفاتر پہنچانے اور واپس گھروں پر لانے کے لئے "پِک اینڈ ڈراپ" کی سہولت بھی فراہم کرتے ہیں اور کرائے کی رقم ماہانہ لیتے ہیں۔ آج کے جدید دور میں بہت سی مشہور ٹیکسی کمپنیاں ہیں جو شہروں میں اپنی خدمات فراہم کرتی ہیں۔ ٹیکسیوں کو چلانے کے لئے یہ اپنی کمپنی میں ڈرائیوروں کو ملازم رکھتی ہیں۔ یہ ڈرائیور حضرات کسی مُسافر کے فون کرنے پر اس کے گھر یا جہاں وہ ہے،وہاں پہنچ جاتے ہیں اور پھر اس مسافر کو اُس کی منزلِ مقصود تک پہنچادیتے ہیں۔ ایک ٹیکسی ڈرائیور کے لئے پہلی شرط یہ ہے کہ وہ ایک لائسنس یافتہ ڈرائیور ہو۔ دوسرے یہ کہ جس شہر میں وہ اپنی گاڑی چلا رہا ہے وہاں کے راستوں سے بخوبی واقف ہو۔ چونکہ ٹیکسیوں میں ہر طرح کے افراد سفر کرتے ہیں اس لئے ملک کے جاسوسی ادارے اس پیشے سے اپنے مُخبروں کو وابستہ کردیتے ہیں۔ اسی طرح بعض جرائم پیشہ افراد بھی اس پیشے میں داخل ہوکر اپنے مذموم مقاصد پورے کرنے میں اپنے گروہ کے لئے معاون ثابت ہوتے ہیں۔ کم و بیش پُوری دنیا کی ٹیکسیوں میں میٹر نصب ہوتے ہیں جو فاصلہ کے لحاظ سے کرائے کی رقم بتاتے ہیں لیکن اب یہ رُجحان تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے اور میٹر کی جگہ طے شُدہ کرائے نے لے لی ہے۔ٹیکسی والے معمولی فاصلوں کے بھی منھ مانگے کرائے وصول کرتے ہیں۔ نوبت یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ ہسپتالوں کو جانے والے مریض ایسے ڈرائیوروں کے لیے سونے کی چڑیا ثابت ہوتے ہیں اور وہ ان کو بھی نہیں بخشتے۔ پُوری دنیا میں ٹیکسی ڈرائیور اب مسافروں سے بھاؤ تائو کر کے سواری اُٹھاتے ہیں۔خصوصاً تہواروں پر ان ڈرائیوروں کی عید ہوجاتی ہے۔پاکستان اور ہندُستان میں جو کاریں ٹیکسیوں کے طور پر استعمال ہوتی ہیں ان کا رنگ مخصوص ہوتا ہے۔ بعض علاقوں میں ٹیکسی ڈرائیوروں کی مخصوص وردی بھی ہوتی ہے۔

Poetry

Pinterest Share