Description
تفصیل
اُردو کے نام ور شاعر ، فلمی گیت نگار اور فلم نویس ۔ 1920ء لاہور میں پیدا ہوئے اور 18 جون 1998ء لاہور میں انتقال کیا ۔اردو ، پنجابی اور ہندی زبانوں میں فلموں کے گیت اور منظر نامے لکھے ۔بھارتی لیجنڈ گلوکارہ لتا منگیشکر نے آپ کا ایک گیت ’’ دل میرا توڑا ، مجھے کہیں کا نہ چھوڑا تیرے پیار نے ‘‘ گا کر اسے زندہ کردیا ۔ناظم پانی پتی نے انڈین فلم انڈسٹری کو وجنتی مالا ، ہیلن اور جونی واکر سے متعارف کروایا۔1952ء میں پاکستان آگئے اور یہاں فلم ’’ گڈا گُڈّی ‘‘ کی کہانی اور گیت لکھے۔ساٹھ کی دہائی میں پاکستان ٹیلی وژن سے وابستہ ہوئے اور ’’جھنکار‘‘ جیسا اعلیٰ معیار کا موسیقی کا پروگرام کیا جیسا دوسرا پروگرام آج تک پیش نھیں کیا جا سکا ۔
چند معروفترین فلمیں جو ناظمؔ نے لکھیں :
دُلا بھٹی ۔ خاندان ۔خزانچی ۔ لختِ جگر ۔ مجبور ۔ منگتی ۔ پونجی ۔ شیریں فرہاد ۔ شیش محل ۔ زمیندار اور دیگر فلمیں
چند لافانی ادبی گیت :
آئی ہے دیوالی سکھی ری
آہیں تڑپ رہی ہیں
چندا کی نگری سے آجا ری نندیا تاروں کی دنیا سے آجا
دلی کی گلیوں میں
ہم ہیں دُکھیا اس دُنیا میں
میری مٹی کی دنیا نرالی
سنو سنو کیسے کہہ دوں بجریا کے بیچ
وہ اکھیاں ملا کر چلے گئے
جو دل میں خوشی بن کر آئے وہ درد بسا کر چلے گئے ، ہائے چلے گئے
جو شمع جلانے آئے تھے ، وہ شمع بجھا کر چلے گئے ، ہائے چلے گئے
نمونہ کلام :
چندا کی نگری سے آجا ری نندیا ،تاروں کی نگری سے آجا
پریوں کی دنیا کی نغمے سنا کر،ننھے کو میرے سُلا جا ، آجا
تاروں کی نگری سے آجا
سویا ہے چندا ، سوئے ہیں تارے ، خوابوں میں سوئے ہیں سارے
نغمے میں سناؤں میں پیارے پیارے ، سو جا تو دل کے سہارے
آپیاری نندیا گیتوں سے اپنے ننھے کی دنیا بسا جا ، آجا ،
تاروں کی نگری سے آجا ، چندا کی نگری سے آجا
راتوں ہوں تیری سہانی رے ننھے ،اُجلے ہوں تیرے سویرے
چمکے زمانے میں تُو چاند بن کر،دور ہوں سارے اندھیرے
آ پیاری نندیا ننھے کو آ کر اپنے گلے سے لگا جا
تاروں کی دنیا سے آ جا ، چندا کی نگری سے آجا
ملکہ ترنم نور جہاں نے اس لوری کو گایا تھا ۔