Description
تفصیل
معروف مزاح نگار ،ٹی وی اسکرپٹ رائٹر ، شاعر ، مصور اور دانشور انور مقصود حمیدی ۱۹۳۵ء حیدر آباد( دکن )انڈیا میں پیدا ہوئے۔ آپ پاکستانی شوبز کی مشہور ترین شخصیات میں سے ہیں۔انور مقصود 37 سال سے اس صنعت سے وابستہ ہیں اور آپ نے معاشرے کے اہم مسائل کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کام کیا۔انور مقصود کے کیے ہوئے تمام پروگرام ناظرین میں بے پناہ مقبول ہوئے اور پاکستان ٹی وی کی شناخت بنے۔ان میں ’’ ففٹی ففٹی ‘‘ ، ’’ سلور جوبلی‘‘ ، ’’ اسٹوڈیو دو ‘‘ ، ’’ آنگن ٹیڑھا ‘‘ ، ’’ ہاف پلیٹ ‘‘ اور ’’ شو ٹائم ‘‘ وغیرہ بے پناہ مقبول ہوئے ۔آپ نے پی ٹی وی ایوارڈز کی تقریب کی میزبانی بھی کی۔معروف اردو ڈراموں میں ’’ ستارہ اور مہر النساء‘‘ اور ’’ نادان نادیہ ‘‘ بھی شامل ہیں ، نادان نادیہ کا مرکزی کردار معروف پاکستانی سُپر ہٹ فلم اسٹار بابرہ شریف نے ادا کیا تھا۔نجی ٹی وی چینلز پر آپ کے پروگرام ’’ لُوز ٹاک ‘‘ اور ’’ ماجو میاں ‘‘ بھی انتہائی مقبول ہو رہے ہیں۔
شاعری بھی کی اور مصوری بھی۔کھانے پکانے کا بھی ذوق ہے۔بدایوں کے علمی خانوادے سے تعلق ہے۔آج کل کراچی میں مقیم ہیں۔ خاندان میں معروف علمی و ادبی شخصیات بھی شامل ہیں جن میں محترمہ فاطمہ ثریا بجیا ، زُہرہ نگاہؔ ، زبیدہ طارق و دیگر اپنی جُدا گانہ شناخت رکھتے ہیں۔