Description
تفصیل
دوپٹہ برصغیر کے روائیتی ملبوسات کا لازمی جُزو ہے۔ ریشم ، ململ،سُوتی، شیفون یا جارجیٹ کا دو میٹر سے ڈھائی میٹر تک کا لمبا ٹکڑا ہوتا ہے جس کے دونوں جانب تُرپائی یا پیکو کردی جاتی ہے۔ اکثر خواتین دونوں جانب یا چاروں جانب بیلوں سے ٹَنکائی کرکے دوپٹوں میں مزید خوبصورتی پیدا کرتی ہیں۔ بعض خواتین دو یا زیادہ رنگوں کے ذریعے دوپٹہ کو دیدہ زیب بناتی ہیں۔ بعض خواتین اپنے پسندیدہ جوڑوں کی مناسبت سے اس پر زردوزی کا کام کرواتی ہیں اور جوڑے کے حسن میں اضافہ کرتی ہیں۔
برصغیر کے ہر مذہب کی خواتین دو پٹہ زیب تن کرتی ہیں کیونکہ یہ مشرقی روایات کا آئینہ دار ہے۔ یہ عموماً گلے میں ڈالا جاتا ہے اور کندھوں کے دونوں جانب اس کے سِرے جھولتے ہیں۔ بعض خواتین اس کے ذریعے سَروں کو ڈھانپنے اور گھونگھٹ نکالنے کا کام بھی سر انجام دیتی ہیں۔ ایک دوپٹہ چُن دار ہوتا ہے جس کی چُنٹّوں کو بھی برقرار رکھا جاتا ہے اور گلے میں بھی لٹکایا جاتا ہے۔ ایسا دوپٹہ عموماً چُوڑی دار یا تنگ پاجاموں کے ساتھ استعمال کیا جاتا ہے۔بہر حال یہ برصغیر کی خواتین کا پسندیدہ اور ہر خاص و عام کے لباس کا جزو لاینفک ہے۔