Description
تفصیل
وھیل مچھلیاں پانی میں رہنے والے بڑے جانوروں میں شمار کی جاتی ہیں۔ یہ عظیم الجثہ بَحَری ممالیوں میں سے ہیں۔ وھیل Cetacea گروہ کا رکن ہے جس میں ڈولفن اور سگِ ماہی بھی شامل ہیں۔ یہ بَرّی اور بَحَری ممالین اور فقاریوں میں سب سے بڑا جانور ہے ۔ جدید تحقیق کے مطابق وھیل کی لمبائی ١٠٠ فِٹ سے ١٢٠ فِٹ تک ہوتی ہے جبکہ اس کا وزن ١٣٦ سے ١٨٠ ٹن تک ہوتا ہے۔ وھیل میں "بلیو وھیل" خاص طور پر قابلِ تذکرہ ہے جو دیگر وھیل سے کہیں زیادہ عظیم الجثہ ہوتی ہے۔ دوسرے دودھ پلانے والے جانوروں کی طرح وھیل بھی کھلی فضا میں پھیپھڑوں کے ذریعے سانس لیتی ہے۔ وھیل گرم خون والے بَحَری حیوانات میں شُمار کی جاتی ہے علاوہ ازیں یہ اپنے بچّوں کو دودھ بھی پلاتی ہے۔ وھیل کی پیٹھ پر آرا نُما ایک پَر بھی ہوتا ہے جو دشمن سے اس کی حفاظت بھی کرتا ہے۔ وھیل کی جلد کے نیچے چربی کی دبیز تہہ ہوتی ہے۔ یہ تہہ اس کو توانائی مہیا کرتی ہے اور بیماریوں سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔