Description
تفصیل
زرافہ برِ اعظم افریقہ کا ممالیہ اور سُم رکھنے والا جانور ہے ۔ دنیا میں پائے جانے والے مختلف جانوروں میں یہ سب سے اونچا جانور ہے۔ زرافہ کی اب تک 9 اقسام دریافت کی گئی ہیں۔ ان میں تفریق، زرافہ کے رنگ ، جسامت اور مختلف ہئیتوں کے باعث کی گئی ہے۔ ایک جوان زرافہ کا وزن اوسطاً 1,200 کلو گرام (2,600 پونڈز) تک ہوتا ہے جب کہ مادہ زرافہ کا وزن 830 کلو گرام (1,800 پونڈز) تک ہوتا ہے۔ زرافہ کی اونچائی تقریباً 4.3 میٹر (14 فِٹ) سے 5.2 میٹر (17 فِٹ) تک ہوتی ہے۔ اب تک زرافہ کی زیادہ سے زیادہ اونچائی 6 میٹر (20 فِٹ) ریکارڈ کی گئی ہے۔ زرافہ عام طور پر ہرے بھرے میدانوں اور جنگلوں میں پایا جاتا ہے۔ یہ اپنی غیر معمولی لمبی گردن کی وجہ سے کافی مشہور ہے جو اس کو درختوں کی کونپلیں اور پتے کھانے میں مدد دیتی ہے۔ اس کے علاوہ اس کی چار لمبی ٹانگیں بھی ہوتی ہیں۔ اگلی ٹانگوں کی نسبت پچھلی ٹانگیں چھوٹی ہوتی ہیں۔