URDU encyclopedia

اردو انسائیکلوپیڈیا

search by category

قسم کے ذریعہ تلاش کریں

search by Word

لفظ کے ذریعہ تلاش کریں

Professionalsپیشہ ور افراد

President صَدر

English NamePresident
Urdu Name نگرانِ اعلٰٰی ۔سربراہ ۔رئیس ۔ امیر ۔حکمرانِ اعلٰی

Description

تفصیل

صدر کے لئے انگریزی زبان میں استعمال ہونے والا لفظ ’’پریزیڈنٹ‘‘ لاطینی زبان کے لفظ ’’Presedere‘‘ سے لیا گیا ہے جس کے معنی ہیں ’’پہلے سے بیٹھا ہوا‘‘۔ اُردو زبان میں یہ لفظ کسی بھی ایسے شخص کے لئے استعمال کیا جاتا ہے جو کسی ادارے میں مرکزی حیثیت رکھتا ہو۔ سیاسیات میں سربراہِ مملکت صدر کہلاتا ہے لیکن یہ صدارت پیشوں میں شمار نہیں کی جاسکتی۔ کاروباری دنیا میں یہ منصب ایک پیشے کی حیثیت اختیار کرگیا ہے اور کسی بھی ادارے یا اُس کے کسی شعبے کے ذمہ دار کو صدر کہا جاتا ہے۔ شعبہ جاتی صدر کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنے شعبے سے متعلق پوری طرح باخبر ہو اور تمام تکنیکی معلومات رکھتا ہو۔ اس کے لئے کوئی مخصوص علمی قابلیت لازمی نہیں ہے بلکہ اُس کی پیشہ ورانہ مہارت اور انتظامی صلاحیت اُسے اس مقام تک پہنچا سکتی ہے۔ بڑے تجارتی اور کاروباری اداروں کے صدور اپنی نیابت کے لئے نائب صدر یا صدور مقرر کر لیتے ہیں جو اپنے اپنے شعبوں کی ذمہ داریاں ادا کرتے ہیں اور یہ سب صدر کو جوابدہ ہوتے ہیں۔ ادارے کا صدر اگر مالک کے علاوہ کوئی اور ہے تو اُس کے اختیارات محدود ہوتے ہیں البتہ غیر معمولی حالات میں وہ اپنے اختیارات سے تجاوز بھی کر جاتا ہے مگر بعد میں اُسے اپنے حکامِ بالا تک پہنچا کر اس کے توثیق کروا لیتا ہے۔ اُس کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں یہ بات شامل ہے۔ باوجود اس کے کہ وہ خود بیک وقت ہر شعبۂ کار کا ماہر نہیں ہے، اُس کی ذمہ داری ہے کہ وہ ادارے کی پوری کارکردگی پر نظر رکھے۔ ایک صدر کسی تنظیم،کسی کمپنی،کسی انتظامیہ،تجارتی ادارے،یونیورسٹی یا مُلک کا سربراہ ہوتا ہے۔ صدر کوئی پیشہ تو نہیں کہا جاسکتا البتہ یہ ایک مَنصب ضرور ہے جو انتظامی اُمور کی نگرانی اور نگہبانی سے وابستہ ہے۔دراصل قائدانہ صلاحیتوں کے حامل شخص کو "صدر" کہا جاتا ہے۔ لاطینی زبان میں صدر یعنی "پریسیڈینٹ" کے لیے praeses کا لفظ استعمال کیا گیا ہے یعنی "چیئرمین"،اسی لفظ سے "پریسیڈینٹ" کا لفظ وجود میں آیا۔ واضح رہے کہ انگریزی درست تلفظ "پریسیڈینٹ" ہے ، " پریزیڈینٹ" نہیں ہے۔ مُلک کا صدر تمام مُلکی امور کی دیکھ بھال اور نگرانی کرتا ہے اور پاکستان میں اس کا انتخاب پانچ سال کے لیے کیا جاتا ہے۔پاکستان کے پہلے صدر اسکندر مرزا ، دوسرے ایّوب خان اور موجودہ صدر آصف علی زرداری ہیں۔ ذیل میں پاکستانی صدور کے نام دیے جارہے ہیں۔ (١)اسکندر مرزا(23 مارچ 1956ء سے27 اکتوبر 1958ء تک) ریپبلکن پارٹی (٢) محمد ایوب خان (27 اکتوبر 1958ء سے25 مارچ 1969ء تک )عسکریہ (٣)یحییٰ خان(25 مارچ 1969ء سے20 دسمبر 1971ء تک) عسکریہ (٤) ذوالفقار علی بھٹو (20 دسمبر 1971ء سے 13 اگست 1973ء تک) پاکستان پیپلز پارٹی (٥)فضل الٰہی چودھری (13 اگست 1973ء سے16 ستمبر 1978ء تک) پاکستان پیپلز پارٹی (٦)محمد ضیاء الحق (16 ستمبر 1978ء سے17 اگست 1988ء تک )عسکریہ (۷)غلام اسحاق خان (17 اگست 1988ء سے18 جولائی 1993ء تک) آزاد ٌ۔۔۔ وسیم سجاد (نگران) (18 جولائی 1993ء سے14 نومبر 1993ء تک) مسلم لیگ ن (٨) فاروق لغاری (14 نومبر 1993ء سے 2 دسمبر 1997ء تک) پاکستان پیپلز پارٹی ۔۔۔ وسیم سجاد (نگران) (2 دسمبر 1997ء سے 1 جنوری 1998ء تک) مسلم لیگ ن (٩) محمد رفیق تارڑ (1 جنوری 1998ء سے 20 جون 2001ء تک) مسلم لیگ ن (١٠) پرویز مشرف (20 جون 2001ء سے 18 اگست 2008ء تک) عسکریہ/ مسلم لیگ ق ۔۔۔ محمد میاں سومرو (نگران) (18 اگست 2008ء سے9 ستمبر 2008ء تک) مسلم لیگ ق (١١) آصف علی زرداری (9 ستمبر 2008ء سے تا حال ) پاکستان پیپلز پارٹی اس کے علاوہ یہ ایک دل چسپ حقیقت ہے کہ اسرائیل کی مسز گولڈا میئر دُنیا کی پہلی خاتون صدر کے منصب پر فائز ہوئیں اور مسز بندرا نائیکے ،جن کا تعلق سری لنکا سے تھا،وہ دُنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم کے رُتبے پر فائز ہوئیں جبکہ مُسلم دُنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو تھیں۔

Poetry

Pinterest Share